نئی دہلی، 2/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) منی پور میں جاری فسادات کے درمیان بشنو پور اور چورا چند پور اضلاع میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران کوکی اور میٹیس کے درمیان مسلسل فائرنگ کی وجہ سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہو گئے۔ دی پرنٹ کے مطابق حکام نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔
معلومات دیتے ہوئے ایک اہلکار نے بتایا کہ بشنو پور ضلع کے کھوئیرینتک کے دامن میں اور چورا چند پور ضلع کے چنگفی اور کھوسا بنگ علاقوں میں ابھی بھی دو گروپوں کے درمیان فائرنگ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تشدد 29 اگست کو اس وقت شروع ہوا جب کھویرانتک علاقے میں 30 سال کی عمر کے ایک گاؤں کے رضاکار کی شدید فائرنگ کے بعد موت ہو گئی۔
دریں اثنا، انڈیجینس ٹرائبل لیڈرس فورم (آئی ٹی ایل ایف) نے فوری اثر سے چورا چند پور میں ہنگامی بند کی کال دی ہے۔
آئی ٹی ایل ایف کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضروری خدمات بشمول پانی اور طبی سامان کو شٹ ڈاؤن کے دائرہ کار سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔